لاہور(آن لائن) مسلم لیگ( ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومتی مظالم کیخلاف خاموش نہیں رہے گی، عمران خان استعفا دیں اور آزادانہ انتخابات کرائے جائیں ،یہ ساری اپوزیشن کو نااہل کرانا چاہتے ہیں،اپوزیشن کا اداروں کیخلاف کوئی بیانیہ نہیں،ہم ووٹ کی عزت کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔ یہ چاہتے ہیں اپوزیشن اورادارے آپس میں دست وگریبان ہوں۔شیخ رشید 2008 میں ن لیگ میں شامل ہونے کیلیے منتیں کرتے رہے۔اربوں روپے کما کر ظفر مرزا بیرون ملک بیٹھے ہوئے ہیں ،شراب کیس میں عثمان بزدار کے کزن نے 5 کروڑ رشوت لی،گرفتارڈی جی ایکسائز کو کرلیاگیا،انہوں نے کہاکہ ’’ن‘‘ اور’’ ش‘‘ ایک ہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے انسداد منشیات کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں اور میری جائداد ضبط کی گئی ہے۔ میرے اہلخانہ کے اکاؤنٹس بھی ڈیڑھ سال سے منجمد ہیں۔