بھارت آزاد کشمیر بھی ہتھیانا چاہتا ہے، حکمران تقریروں سے آگے بڑھیں ، سراج الحق

340

اسلام آباد (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت نے جو نقشہ جاری کیاہے ، اس کی سرحدیں ہزارہ اور کوہالہ تک پہنچتی ہیں ۔ بھارت آزاد کشمیر پر بھی قبضہ کرنا چاہتاہے مگر ہمارے حکمران بیانات اور تقریروں سے آگے بڑھنے اور کوئی عملی قدم اٹھانے کے لیے تیار نہیں ۔ جماعت اسلامی نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ہمیشہ ساتھ دیاہے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق اسلا م آباد میں آزا د کشمیر کے صدر مسعود احمد خان اور وزیراعظم راجا فاروق حیدر سے ملاقات اور کشمیر کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔ پاکستان کی تکمیل، سا لمیت اور تحفظ کے لیے کشمیر کی آزادی ناگزیر ہے ۔ کشمیر کی آزادی تک ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور جماعت اسلامی کبھی بھی اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ تحریک آزادیٔ کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر دوبارہ منظم کرنے کے لیے ہر سطح پر لابنگ کی ضرورت ہے ۔ آزادی کشمیر کی جدوجہد میں پاکستان کو محض ایک فریق نہیں ، ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت کشمیر کی صورتحال انتہائی حساس ہوچکی ہے ۔ کشمیر میں گزشتہ 14 ماہ سے لاک ڈائون ہے ۔ حکمران کشمیری مائوں ، بہنوں ، بیٹیوں کی چیخ و پکار سنیں اور انہیں بھارتی فوج کے ظلم و جبر سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ گزشتہ ایک سال میں 14 لاکھ ہندوئوں کو کشمیر کا ڈومیسائل جاری کیا گیاہے ۔ ایک طرف بھارتی فوج نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر رہی ہے اور18 ہزار نوجوانوں کو پکڑ کر بھارتی جیلوں میں بند کر دیاگیاہے ، دوسری طرف ہندوئوں کو کشمیر میں زمینیں الاٹ کی جارہی ہیں ۔ ہزاروں کی تعداد میں مساجد گرا ئیں اور مندر بنائے جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اس ساری صورتحال میں او آئی سی بھی اپنا وہ کردار ادا نہیں کررہی جو اسے کرنا چاہیے تھا ۔ ملاقات میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے جرأت مندانہ کردار کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ ملاقات میں کشمیر اسمبلی کے رکن عبدالرشید ترابی بھی موجود تھے ۔