سکھر، وزیر بلدیات نے اعجاز شیخ کے قتل کا نوٹس لے لیا

214

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر ایئر پورٹ روڈ پر موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد کی کار پر فائرنگ کے نتیجے میں ٹی ایم او بدین اعجاز احمد شیخ جاں بحق جبکہ ان کا ساتھی زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق زخمی سلمان کھوسو یوسی 13 سکھر کا سیکرٹری ہے، مقتول کی لاش سول اسپتال پہنچا دی گئی۔ صوبائی وزیر بلدیات و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے ایئر پورٹ روڈ پر محکمہ بلدیات کے آفیسر اعجاز شیخ کے قتل کا نوٹس لے لیا۔ انہوں نے ایس ایس پی سکھر سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے محکمے کے افسر کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔