قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

303

اور حال یہ ہے کہ جس اولاد کو یہ لوگ اْس خدائے رحمان کی طرف منسوب کرتے ہیں اْس کی ولادت کا مڑدہ جب خود اِن میں سے کسی کو دیا جاتا ہے تو اْس کے منہ پر سیاہی چھا جاتی ہے اور وہ غم سے بھر جاتا ہے۔ کیا اللہ کے حصے میں وہ اولاد آئی جو زیوروں میں پالی جاتی ہے اور بحث و حجت میں اپنا مدعا پوری طرح واضح بھی نہیں کر سکتی؟۔ انہوں نے فرشتوں کو، جو خدائے رحمان کے خاص بندے ہیں، عورتیں قرار دے لیا کیا اْن کے جسم کی ساخت اِنہوں نے دیکھی ہے؟ اِن کی گواہی لکھ لی جائے گی اور انہیں اس کی جوابدہی کرنی ہو گی۔ (سورۃ الزخرف: 17 تا19)
رسول اکرمؐ نے ارشاد فرمایا: جو آدمی جمعہ کے دن وہ سورۃ پڑھے جس میں آل عمران کا ذکر ہے تو اللہ غروب آفتاب تک اس شخص پر رحمت نازل فرماتا رہتا ہے اور اس کے فرشتے اس بندے کے لیے دعائے مغفرت کرتے رہتے ہیں۔ (طبرانی کبیر)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے اچھی طرح وضو کیا پھر جمعہ کی ادائیگی کے لیے آیا، توجہ سے سنا، خاموش رہا، تو اس کے اس جمعہ سے گزشتہ جمعہ تک اور مزید 3 دن کے گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں اور جس نے کنکری کو چھوا اس نے لغو (بے مقصد) کام کیا۔ (گویا جو فرش کی کنکریوں یا موبائل فون وغیرہ سے کھیل رہا ہے وہ متوجہ نہیں) (مسلم)