ایرانی تربیت یافتہ دہشتگرد سیل کا خاتمہ کردیا‘ سعودی دعویٰ

359

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب نے 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے 7 افراد کا تعلق ایرانی پاسداران انقلاب سے رہا ہے۔ 3 افراد کو دھماکے کرنے کی تربیت دی گئی تھی۔ سعودی سیکورٹی اور انٹیلی جنس کے سربراہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے مشتبہ افراد کی شناخت، 2 ٹھکانوں، ایک مکان اور ایک فارم ہاؤس کی تلاشی کے بعد یہ گرفتاریاں کی گئیں۔ گرفتار ہونے والوں میں سے 3 افراد کی تربیت ایران میں ہوئی جہاں انہیں دھماکا خیز اشیا تیار کرنے کے ساتھ عسکری اور لڑائی کے میدان سے وابستہ تربیت فراہم کی گئی تھی۔ سعودی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان افراد کو 2017ء میں اکتوبر اور دسمبر کے درمیان پاسداران انقلاب سے وابستہ کمانڈروں نے تربیت دی تھی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اسی گروپ سے وابستہ گرفتار کیے گئے 7 دیگر افراد کا کردار ان سے کچھ مختلف ہے۔ حکام نے تفتیش کے مقاصد کے تحت گرفتار کیے گئے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے، تاہم کہا گیا ہے کہ ان کی نقل و حرکت اور کارروائیوں سے متعلق مزید معلومات جمع کرنے کے ساتھ یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ان کے بیرون اور اندرون ملک کن افراد سے روابط ہو سکتے ہیں۔