بلاول سیاسی انتقام کارڈ کے پیچھے چھپنا بند کریں، شہزاد اکبر

171

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کے پاپا کے خلاف نیب نے عدالتوں میں بدعنوانی کے ریفرنس فائل کیے ہیں، سیاسی انتقام کے کارڈ کے پیچھے چھپنا بند کریں۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری امپورٹڈ لیڈر ہیں، ان کے لیے مقامی قوانین میں بعض اسباق موجود ہیں، ان کے پاپا کے خلاف نیب نے عدالتوں میں بدعنوانی کے ریفرنس فائل کیے ہیں، عدالتوں نے ان کی 265 کے، کی درخواست مسترد کر دی ہے، وہ قانون سے بھاگ رہے ہیں، مجھے ان کے
خلاف الزامات بتانے پر مجبور نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام کے کارڈ کے پیچھے چھپنا بند کریں، پاکستانی عوام بالخصوص سندھ کے عوام ان کے جرائم کا شکار ہوئے ہیں جنہیں دہائیوں سے لوٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا سندھ کے معاونین خصوصی اور مشیراپنے اثاثے سامنے لائے ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ وفاقی حکومت کے مشیر اور معاونین خصوصی اپنے اثاثے ظاہر کر چکے ہیں۔