زرداری پر فرد جرم عاید کرنا سیاسی انتقام ہے، مرتضیٰ وہاب

720

کراچی(آن لائن)ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور محترمہ فریال تالپور پر قانونی تحفظات کے باوجود فرد جرم عائد کی گئی۔ اس امر سے یہ ثابت ہوگیا کہ احتساب کا نظام سیاسی انتقام پر مبنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی بلڈنگ کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے
کیا۔ انہوں نے کہا کہ کروناوائرس ، بیماریوں اور ڈاکٹرز کی رائے کیباوجود آصف زرداری عدالت میں پیش ہوئے۔ آصف زرداری نے ماضی میں بہادری کیساتھ جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا اور اب بھی کرینگے۔ وقت ثابت کرے گا کہ وہ بے بنیاد مقدمات سے سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مقابلے میں پاکستان میں اللہ کے کرم سے کورونا وائرس کے نقصانات کم ہوئے۔ سندھ حکومت نے پاکستان میں لاک ڈاون کرکے کرونا کیسز کی کمی کے لیے بر وقت فیصلہ کیا۔ کریڈٹ کوئی بھی لے ہماری دلچسپی یہ ہے کہ قوم کو اس بیماری سے بچانا ہے۔ اب پورے ملک میں یہ تاثر ہے کہ کورونا وائرس ختم ہو گیا مگر میں یہ واضح کردوں کہ کورونا وائرس کنٹرول ہوا ہے ختم نہیں ہوا۔ ہمیں احتیاط اور ذمے داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔