اسلام آباد( نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے قائم مقام امیر نورالباری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر خان گلگت بلتستان کے مسئلے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں ، آل پارٹیز کانفرنس میں گلگت بلتستان کی قیادت کو بھی دعوت دی جائے ،مشاورت سے گلگت بلتستان کے آئینی اسٹیٹس کے بارے میں متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے ۔جماعت اسلامی اول روز سے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے آزاد خطوں کو باہم مربوط کر کے ایسا نظام دیا جائے جو تحریک آزادی کی تقویت کا باعث بنے ایسا کوئی فیصلہ نہ کیا جائے جس سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچے ،عمران خان نے جنرل اسمبلی میں کشمیر کے حوالے سے جو تقریر کی اس کی ہم تحسین کرتے ہیں لیکن حالات تقریروں سے آگے نکل گئے ہیں کشمیرکی آزادی کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔