نوازشریف نے رہنماؤں کو فوج سے خفیہ ملاقاتوں سے روک دیا۔آرمی چیف سے سب تنہائی میں ملتے ہیں‘ شیخ رشید

314

لندن/فیصل آباد (خبر ایجنسیاں)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پارٹی کے اراکین کو عسکری قیادت سے کسی سطح پر کوئی ملاقات نہ کرنے کی ہدایت کردی جبکہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آرمی چیف سے سب تنہائی میں ملتے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ حالیہ واقعات سے ایک بار پھر ثابت ہوتا ہے کہ کس طرح بعض ملاقاتیں سات پردوں میں چھپی رہتی ہیں اور کس طرح بعض کی تشہیر کرکے مرضی کے معنی پہنائے جاتے ہیں، یہ کھیل اب بند ہوجانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی جماعت کو ہدایات جاری کر رہا ہوں کہ آئین پاکستان کے تقاضوں اور خود مسلح افواج کو اپنے حلف کی پاسداری یاد کرانے کے لیے آئندہ ہماری جماعت کا کوئی رکن انفرادی، جماعتی یا ذاتی سطح پر عسکری اور متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقات نہیں کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ قومی دفاع اور آئینی تقاضوں کے لیے ضروری ہوا تو جماعتی قیادت کی منظوری کے ساتھ ایسی ہر ملاقات اعلانیہ ہوگی اور اسے خفیہ نہیں رکھا جائے گا۔دوسری جانب وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن بھیآرمی چیف سے ون آن ون ملاقات کر چکے ہیں اور جلد مولانا کی ملاقات کا وقت وجگہ بتادوں گا۔فیصل آباد ریلوے سٹیشن پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ میری بات سے ادھم کیوں مچ گیا، کیا آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملنا اعزاز کی بات نہیں، مولانا سے لے کر بلاول تک سب اپوزیشن رہنما آرمی چیف سے تنہاملاقات کرتے ہیں ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کونسا سیاسی لیڈر ہے جو کہتا ہے کہ آرمی چیف سے نہیں ملتا میں اب ہر شہر میں ایسے ایک لیڈر کو بے نقاب کروں گا، سابق گورنر سندھ محمد زبیر 36 سال سے جنرل باجوہ سے نہیں ملے تھے اب درخواست کرکے آرمی چیف سے ملاقات کی اور نواز شریف اور مریم نواز کا کیس لڑا، نواز شریف کا ایک سال سے ٹویٹر اکاؤنٹ بھی اسی لیے بند تھا کہ شاید جان بخشی ہو جائے، نواز شریف نے اداروں کو للکار کر خود اپنی قبر کھود لی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول ابھی پیدا نہیں ہوئے تھے جب میں قومی سلامتی کمیٹی کا رکن تھا، اگر بینظیر زندہ ہوتی تو بلاول کو بتاتی کہ شیخ رشید کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی نے چار ماہ کا ٹائم دیا تو میں بھی انہیں 4 ماہ کا ٹائم دیتا ہوں، اے پی سی کے ممبران قوم کو بہکانہ چاہتے ہیں، ملک کو لوٹ کر کھا لیا اب آپ کس منہ سے قوم سے ساتھ مانگتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن استعفے دے ہم کل الیکشن کرا دیں گے لیکن پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی سے استعفے نہیں دے گی۔