عسکری قیادت سے ملاقات کامقصد فوت ہو گیا‘ شاہد خاقان

131

اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کابینہ کے 70 فیصد افراد اپنے اخراجات کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ نہیں کر سکتے ہیں،عسکری قیادت کی دعوت پر ہی پارلیمانی رہنمائوں کی ملاقات ہوئی تھی،وزیر اعظم کا گھر، گاڑیاں ہیں لیکن وہ ٹیکس نہیں دیتے۔انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عسکری قیادت سے ملاقات خفیہ نہیں تھی اور عسکری قیادت کی دعوت پر ہی پارلیمانی رہنمائوں کی ملاقات ہوئی تھی ۔انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت سے ملاقات میں گلگت بلتستان سے متعلق معاملے پر بات ہوئی تھی تاہم عسکری قیادت سے ملاقات جس مقصد کے لیے کی وہ فوت ہو گئی کیونکہ عسکری قیادت نے کہا کہ وہ سیاست میں مداخلت نہیں کر سکتی۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مختلف وزرا نے عسکری قیادت سے ملاقات پر بیان دیے۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی)کے فوراًبعد ہی قومی احتساب بیورو (نیب)کی جانب سے بلاوے شروع ہو گئے ، ٹروتھ کمیشن کی تحقیقات سامنے آئیں تو خبروں کے لیے مواد زیادہ ہو جائے گا۔علیحدہ صوبہ بنانے سے متعلق انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور ہزارہ میں الگ صوبہ بننا چاہیے ‘ہم علیحدہ صوبہ بنانے کے خلاف نہیں ہیں لیکن اس بارے میں مشاورت ہونا ضروری ہے۔