لاڑکانہ ،تین سال قبل اغوا کی جانے والی لڑکی وومن تھانے پہنچ گئی

315

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) پنجاب کے شہر بورے والا سے تعلق رکھنے والی سائرہ بانو کو گزشتہ بدھ کی شب دیر گئے سچل تھانے کی پولیس نے تحویل میں لیتے ہوئے ان کی شکایت پر ایک خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ گزشتہ روز وومن پولیس کی جانب سے فورتھ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے ان کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد سائرہ بانو کو بحفاظت والدین کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیے ۔جس کے بعد پولیس نے سائرہ بانو کو وومن تھانے منتقل کردیا ہے۔ اس حوالے سے سائرہ بانو نے میڈیا کو بتایا کہ تین سال قبل بورے والا سے ملتان کے رہائشی گروہ نے مجھے نشہ دیکر اغوا کیا اورسہون لاکر تین لاکھ روپے کے عوض قنبر کے تحصیل وارہ کے رہائشی میر چانڈیو کو فروخت کردیا۔ بدھ کی شب دیر گئے مجھے علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کیا جہاں پولیس کو دیکھ پر میں نے شور مچایا جس پر پولیس نے ایک خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا۔انہوں نے بتایا کہ تین سال قبل بورے والا میں نعمان سے میری شادی ہوئی جس سے ایک بیٹی بھی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے گرفتار ملزمان کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے تینوں ملزمان کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیے۔