اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب عدالتی فیصلوں سے سبق نہیں لے رہے‘نیب نے ہمارے خلاف صرف اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیسز بنا رکھے ہیں‘ آج حکومت اپنی کرپشن چھپانے اور اپوزیشن سے انتقام لینے کیلیے بزنس کمیونٹی کو بھی شامل کر رہی ہے‘ نوازشریف علاج کے لیے باہر گئے ہوئے ہیں اور علاج کرا کے واپس آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ2 سال اور2 مہینے ہو گئے‘ آج ریفرنس کی کاپیاں ملی ہیں‘ کراچی میں میری ضمانت کا فیصلہ پڑھنے کے بعد نیب کی حقیقت عوام پر واضح ہو گئی لیکن نیب پر واضح نہیں ہوئی‘چیئرمین نیب جو خود جج رہ چکے وہ ان فیصلوں سے سبق نہیں لے رہے جس ملک میں حکومت جھوٹے کیسز بنائے اور اعلیٰ عدلیہ کی نہ سنی جائے یہ افسوسناک ہے۔