پی ٹی آئی کا ووٹر زیادہ مایوس ہے ، اسٹیبلشمنٹ تینوں جماعتوں کو اقتدار میں لائی ، سراج الحق

723
کراچی :امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ‘ مولانا عبدالحق ہاشمی ‘ حافظ نعیم الرحمن‘اسامہ رضی‘ ڈاکٹر واسع شاکر‘ محمد اسحق خان ودیگر ضلع غربی کے تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت سب سے زیادہ نقصان پی ٹی آئی کے سپوٹرز اور ووٹرز کو ہوا ہے،پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور ایم کیو ایم کا کارکن بھی پریشان حال ہے، ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اسٹیبلشمنٹ تینوں جماعتوںکو اقتدار میں لائی مگرعوام کو مہنگائی، غربت، بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں ملا، غریب غریب تر ہو گیا۔ موجودہ حکومت 2 سال میں بچوں اور بچیوں کی عزت نہیں بچا سکی تو ملک کیسے چلائے گی، کراچی معاشی شہ رگ ہے لیکن کرپٹ جماعتوں نے کراچی کے عوام کو مایوس کیا، حکمرانوں نے
کراچی سے اربوں روپے لوٹے اور اپنا بینک بیلنس بڑھایا ہے، آج پارٹی کا کلرک ایک بڑا سرمایہ دار بن گیا یہ ایک بڑی تبدیلی آئی ہے،حکومت الیکشن کمیشن اور پولنگ بوتھ کو آزاد چھوڑے اور شفاف انتخابات کرائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت ایک روزہ تربیت گاہ کے اختتام پرعوامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تربیت گاہ سے امیرجماعت اسلامی صوبہ بلوچستان عبدا لحق ہاشمی ، امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امرا کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، ڈاکٹر واسع شاکر، جمعیت اتحاد العلما کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید ، معروف اسکالر اور کالم نویس شاہ نواز فاروقی، امیر ضلع غربی محمد اسحق خان ، نائب امیر ضلع غربی فضل احد حنیف ودیگرنے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ اپوزیشن جماعتیں پی ٹی آئی کی حکومت ختم کرکے اپنی حکومت قائم کرنے کی جدوجہد جبکہ ہم طاغوت کی حکومت ختم کرکے اللہ کی حاکمیت قائم کرنا چاہتے ہیں۔ایک کامیابی وہ ہے جسے باطل دنیا میںکامیابی حصول اقتدار ودولت کو سمجھتا ہے ،ایک وہ کامیابی ہے جو آخرت کی ہے یہ ہمارے پیش نظر ہے،ہم کسی وڈیرے، جاگیردار، سرمایہ داریاامیر جماعت اسلامی کے لیے نہیں بلکہ اللہ کی مخلوق کو رب کی طرف بلاتے ہیں یہی جماعت اسلامی کا دستور ہے۔مسلمانوں کے خلاف چاروںطرف سے سازشیںہورہی ہیں، ہماری ماؤں، بہنوںاور بیٹیوں کی عزت تار تار کی جارہی ہے ، ڈاکٹر عافیہ 86سال کے لیے دشمن کی قید میں ہے،ڈاکٹر عافیہ نے والدہ کو پیغام پہنچایاہے کہ روزمحشر میںاللہ اور اس کے رسولؐ سے پاکستانیوں کی شکایت کروں گی، حکمرانوں کے لیے یہ نوشتہ دیوار ہے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ میںتوجانوروں کے بھی حقوق ہوتے تھے یہاںخواتین اوربچوں کی عزت محفوظ نہیں ، ہماری بیٹیاںغیر محفوظ ہیں،مجھے مقتولہ زینب کے والد نے بتایا کہ زینب الرٹ بل منظوری کے باوجود ابھی تک تھانوں میں نہیںپہنچا، وہ سارے قوانین جس میںغریبوں کی بات ہو اس کی کسی کو پروا نہیں اگریہی قانون کسی امیر کے لیے ہوتاتو اگلے دن عملدآمد کے لیے عدالتوںاور تھانوں تک پہنچ چکا ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ تینوںجماعتوںکو اقتدار میں لائی مگرعوام کو مہنگائی، غربت، بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں ملا، غریب غریب تر ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ کارکنان معاشرے کی بھلائی کے لیے اٹھ کھڑے ہوں ،رائے عامہ ہموارکر کے ایک بڑے انقلاب کے لیے لوگوںکی ذہن سازی کریں ۔