نوابشاہ، مضر صحت پانی کی فراہمی پر سیکرٹری پبلک ہیلتھ طلب

222

نوابشاہ (سٹی رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے نوابشاہ کے شہریوں کو ناقابل استعمال مضر صحت پانی فراہم کرنے پر 22 اکتوبر 2020ء کو سیکرٹری پبلک ہیلتھ کو طلب کرلیا ہے۔ ضلع شہید بے نظیرآباد کے عوام کو مضر صحت پانی فراہم کرنے پر ممتاز قریشی نے عدالت میں درخواست بخلاف پی او سندھ و دیگر سندھ ہائی کورٹ کی سرکٹ ڈبل بینچ کورٹ نمبر 2 جسٹس عبدالمالک گدی اور جسٹس عدنان الکریم میمن کی عدالت میں دائر کی تھی، جس میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ شہریوں کو ناقابل استعمال مضر صحت پانی فراہم کیا جارہا ہے، جس کی وجہ سے شہری امراض کا شکار ہورہے ہیں، جس پر عدالت نے انکوائری کا حکم صادر فرماتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو تحقیقاتی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی، جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے اپنی انکوائری رپورٹ میں انکشاف کیا کہ شہر کے بیشتر علاقوں کو ناقابل استعمال مضر صحت پانی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ واٹر فلٹر پلانٹ سے جو پانی فراہم کیا جارہا ہے وہ بھی مضر صحت ہے جبکہ بیشتر واٹر فلٹر پلانٹ بند ہوچکے ہیں جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری پبلک ہیلتھ کوعدالت میں طلب کرلیا ہے۔