نوازشریف کو خطاب کرنے دیا جائے، شیخ رشید کی تجویز

502

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کو آل پارٹیز کانفرنس میں خطاب کرنے دیں کیونکہ اس کانفرنس میں کوئی بڑا فیصلہ نہیں ہونے جا رہا۔ایک انٹرویومیں وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث بھگوڑوں کی تقریریں دکھانے کا حامی ہوں، اصل فیصلہ حکومت کا ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کو باہر بھیجنے کا حامی تھا، سمجھتا ہوں جوباہرجانا چاہتا ہے جانے دیا جائے، کرپٹ لوگ ہمیں ذلیل خوار کر گئے، سابق وزیراعظم کو کہنا چاہیے پاکستانیوں پارک لین کے فلیٹ آپ کے پیسے لوٹ کربنائے۔بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی نے اے پی سی کونہیں روکا، اتوار کو پتا چلے گا اے پی سی یا اے بی سی ہے،نوازشریف اگرپہلے اسمبلیوں سے نکلیں گے توپھرسمجھوں گا لڑائی شروع ہوگئی۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کرپٹ سیاست دانوں نے جتنا لوٹنا تھا لوٹ چکے، سیاست دان کوسیاست کی خارش ہوتی رہتی ہے ، اسمبلیوں سے استعفے دیے بغیرٹانگیں نیچے یا اوپرکرلیں،کچھ نہیں ہوگا۔ مولانا فضل الرحمن میرے پیر بھائی اورشہبازشریف کا میری پارٹی سے تعلق ہے۔انہوں نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں آصف زرداری کا موقف سافٹ ہوگا، ن لیگ اور فضل الرحمن ایک پیج پرہونگے، دونوں فریقین تحریک چلا لیں کچھ نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے، فیٹف قانون سازی ہوگئی اب ان سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ وزیراعظم کوروناوائرس، بھارت کی جنگ، فیٹف سے نکل گئے ہیں۔