راولپنڈی:وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو اگر ملک کا درد ہے تو کل واپسی کا اعلان کریں، کسی نے بھی اے پی سی کو نہیں روکا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے حکومت کو تجویز دیتے ہوئے کہاکہ کل اے پی سی میںنواز شریف کو خطاب کرنے دیں ، نواز شریف بھی خطاب کرلیں اے پی سی میں کوئی بڑا فیصلہ نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کا حامی تھا،سمجھتا ہوں جو بیرون ملک جانا چاہے جانے دیا جائے،کرپٹ لوگ ہمیں ذلیل وخوار کرگئے،کرپٹ سیاست دانوں کو جتنا لوٹنا تھا لوٹ چکے،نوازشریف کو کہنا چاہیے کہ پارک لین کے فلیٹ عوامی پیسہ لوٹ کر بنائے۔
شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمن پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مولانا فضل الرحمن پہلے اپنے بیٹے کو اسمبلی سے نکالیں، مولانا کابیٹا استعفی دے گا تو مانوں گا،مولانا کی ضد ہے کہ میثاق جمہوریت جیسا معاہدہ کیا جائے،کل یہ معاہدوں پر دستخط کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ اے پی سی میں ن لیگ اور مولانافضل الرحمن ایک پیچ پر ہونگے،ن لیگ اور مولانا تحریک چلائیں کچھ نہیں ہوگا، اپوزیشن سے دھرنے یا اسمبلیوں سے استعفوں کی کوئی امید نہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہاکہ شہباز شریف بھی جیل جائیں گے اور30دسمبر سے پہلے ن لیگ سے ش لیگ نکلے گی، شہباز شریف سوچ کر آئے تھے کہ کورونا وائرس کے دوران لاشوں کے ڈھیر ہونگے، لیکن وزیر اعظم کی بہترین حکمت عملی کے سبب ایسا کچھ نہیں ہوا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ متحدہ بانی،نوازشریف،اسحاق ڈار اور سلمان شہباز بھگوڑے ہیں،برطانوی حکومت سے تمام بھگوڑوں کی واپسی کا مطالبہ کرنا چاہیے،منی لانڈرنگ میں ملوث بھگوڑوں کی تقریریں دکھانے کا حامی ہوں،تقریریں دکھانے سے متعلق اصل فیصلہ حکومت کا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری کبھی بھی سندھ حکومت نہیں چھوڑیں گے، اے پی سی میں آصف زرداری کا موقف نرم ہوگا،اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی ٹیں ٹیں فش ہوگی،فٹیف قانون سازی ہوگئی ہےاب ان سے کوئی رعایت نہیں ہوگی،اپوزیشن جلسہ جلسہ کھیلے گی تو حکومت کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔