زرداری، بلاول اور شہباز سے اثاثوں کے تبادلے کیلیے تیار ہوں، اسد عمر

127

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ زرداری، بلاول اور شہباز شریف سے اپنے اثاثوں کے تبادلے کے لیے تیار ہوں، اس سے زیادہ کیا ایثار کا مظاہرہ کروں۔ سماجی رابطے ویب سایٹ ٹویٹر پر بیان میں اسد عمر نے شہباز شریف پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مجھے میڈیا سے پتا چلا شہباز شریف نے گزشتہ سال مجھ سے کم ٹیکس ادا کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری، بلاول زرداری نے ملکر بھی مجھ سے کم ٹیکس دیا۔ اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا کہ ان تینوں صاحبان سے اپنے اثاثوں کے تبادلے کو تیار ہوں، بھائی چارے کے فروغ کے لیے اب اس سے زیادہ کیا ایثار کا مظاہرہ کیا جائے؟۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک دوست نے بتایا کے جو خبر میں نے دیکھی وہ درست نہیں اور شہباز شریف صاحب نے مجھ سے تقریباً دو گنا سے کچھ کم ٹیکس دیا ہے۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ اس لیے جائز تبادلہ ان کے نصف اور میرے تمام اثاثوں کا ہو گا، ملکی یکجہتی کے لیے یہ آفر بھی قبول ہے۔