دارالامان میں خواتین کو معیاری سہولیات کی فراہم کی جائیں ،ڈی سی سکھر

409

سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے دارلامان سکھر میں رہنے والی خواتین اور بچوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کو مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ذہنی سکون اور مناسب تعلیم و تربیت سمیت ہنر مند بنانے کے لیے اقدامات پر خاص توجہ دی جائے۔ ان ہدایات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں دارلامان سکھر میں سہولیات کی دستیابی سمیت دیگر اہم مسائل کے حل کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون اختر حسین قریشی، ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور، ڈپٹی ڈائریکٹر سماجی بہبود سید نصیر حسین شاہ، ڈی ایچ او سکھر ڈاکٹر جمیل احمد مہر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں دارلامان سکھر کی انچارج سعیدہ مغل نے بتایا کہ دارلامان سکھر میں 27 خواتین موجود ہیں جن کو دارلامان کی مینوئل کے مطابق کھانے پینے، رہائش سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دارلامان سکھر کے لیے ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر، میٹرن سمیت دیگر افسران تعینات نہیں ہیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے کہا کہ دارلامان سکھر میں قائم اسپتال کو مزید بہتر اور ادویات اور دیگر سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دارلامان سکھر میں رہنے والی خواتین کو تعلیم و تربیت فراہم اور ہنر مندی کے کورس کرائے جائیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے دارلامان کے حوالے سے قائم ضلعی انتظامی کمیٹی کو فعال بنانے اور ماہوار اجلاس طلب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سکھر کو ہدایت کی کہ وہ دارلامان کا دورہ کریں اورسہولیات، کھانے پینے، بجلی اور صاف پانی جیسے مسائل پر رپورٹ دیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے دارلامان میں بجلی کی فراہمی کے لیے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ مسئلے کو ترجیحی بنیاد پر حل کریں۔ اجلاس میں کمشنر شفیق احمد مہیسر نے سکھر میں وومن اور جیونائل وارڈوں میں موجود خواتین اور بچوں کو دی جانے والی سہولیات کو معیاری بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خواتین اور بچوں کو کارآمد شہری بنانے کے لیے اصلاحی، ذہنی، اخلاقی اور سماجی تربیت کے حوالے سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ ڈاکٹرز اور اسٹاف کی تعیناتی اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔