جھوٹے مقدمات جمہوری قوتوں کو نہیں روک سکتے‘ بلاول

123

اسلام آباد ( آن لائن)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے عالمی یومِ جمہوریت پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت کو مضبوط بنانا ہر قوم کی انفرادی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ یہ جمہوریت پسند دنیا کی اجتماعی ذمہ داری بھی ہے۔پیپلز پارٹی دیگر جمہوریت پسند جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی کیونکہ ایک مضبوط جمہوریت ہی مضبوط پاکستان کی واحد ضمانت ہے۔انتقامی کارروائیوں، دھونس دھمکیوں اور جھوٹے مقدمات ہماری پارٹی اور دیگر جمہوریت پسند قوتوں کو روک نہیںسکتے،یہ ظلم و جبر ہمیں اپنے ان جمہوریت پسند قائدین کے مشن سے نہیں روک سکتے جنہوں نے جام شہادت تو قبول کرلیا لیکن ہتھیار ڈالنے سے انکار کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اْس بیان کی تائید کرتا ہوں جس میں جمہوریت کے لازم عناصر کی نشاندہی کی گئی ہے۔اقدارِ آزادی، احترامِ انسانی حقوق، مقررہ وقت پر انتخابات اور ووٹرز کا شفاف طریقے کے تحت انتخاب کرنا اجزاء ِ جمہوریت ہیں۔قائداعظم کی رحلت کے بعد جمہوریت پسند اور آمریت پسند قوتوں کے درمیان شروع ہونے والی لڑائی تاحال جاری ہے،اس لڑائی کے دوران شہید بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر لوگوں نے جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے اپنی جانیں دیں۔ پاکستان کے جمہوریت پسند کارکنان پر آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں کی جانب سے ظلم کے پہاڑ گرائے گئے،کارکنان کو سزائے موت، قیدِ تنہائی، اذیتوں، کوڑے، طویل عرصے تک قید و بند اور جھوٹے مقدمات کا سامنا کرنا پڑالیکن وہ کارکنان عوام کے جمہوری اور انسانی حقوق پر کبھی مصلحت کا شکار نہیں ہوئے۔جمہوریت کے لیے پاکستانیوں نے جدوجہد اور اس کے حصول کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں،مذکورہ جدوجہد و قربانیاں جمہوری نظام کے لیے عصرِ رواں کی جدوجہدوں میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔پیپلز پارٹی نے پاکستان کے عوام کو پہلا متفقہ آئین دیا، آصف زرداری کی زیرِ قیادت ایک جمہوری حکومت نے ملک میں پہلی بار اپنی مدت پوری کی۔