سیالکوٹ: پانی و سیوریج کے میگا منصوبوں کو حتمی شکل دے دی گئی

384

سیالکوٹ (اے پی پی) معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ سیالکوٹ شہر میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے میگا پروجیکٹ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، شہر کی آئندہ 30 سے 40 سالہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے ایشین ڈیولپمنٹ بینک اور نیسپاک کے ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں، شہر کی ماسٹر پلاننگ کرلی گئی اور آئندہ 2 ماہ میں مجوزہ منصوبے پر کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میںحکومت پنجاب اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے اشتراک سے پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت سیالکوٹ میں کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ان منصوبوں کے علاوہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلیے مشینری، گاڑیوں اور آلات کی فراہمی، لینڈ فل سائٹ کی تعمیر، ٹرانسپورٹ پلاننگ اور پارکوں کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے منصوبے بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر اقبال کے 10 لاکھ باسی براہ راست مستفید ہونگے، یہ منصوبے حقیقی معنوں میں گیم چینجرز ہونگے شہر میں میونسپلٹی کے دیرینہ مسائل حل ہونگے اور میونسپل سہولیات کے معیار میں بہتری سے شہریوں کا معیار زندگی بھی بلند ہوگا۔ اجلاس میںسیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بابر امان بابر اور کمشنر گوجرانوالہ گلزار حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب سیالکوٹ کو اسمارٹ سٹی بنانے کیلیے اربوں روپے خرچ کرنے جارہی ہے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز، ایگزیکیوایشن ایجنسیز، ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ کے حکام کو ایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہوگا تاکہ سیالکوٹ کے شہری حکومت پنجاب کی اتنی بڑی انویسٹمنٹ کا بھرپور فائدہ حاصل کرسکیں۔