موٹر وے زیادتی واقعہ انتہائی شرمناک ہے،چیف جسٹس

169

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں ) چیف جسٹس کا لاہور موٹروے زیادتی واقعے پر ردعمل۔ جسٹس گلزار احمد کا کہنا ہے کہ پولیس سیاسی ہو چکی، یہ ایک انتہائی شرمناک واقعہ ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور موٹروے پر خاتون کو بچوں کے سامنے اجتماعی
زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے واقعے پر چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ لاہور موٹروے پر پیش آیا واقعہ شرمناک ہے۔ پولیس سیاسی ہو چکی ہے اور لاہور موٹروے واقعہ اس کا ثبوت ہے۔ موٹروے جیسی مثالی پولیس کی کارکردگی بھی زوال کا شکار ہوئی ہے۔ پولیس میں مسلسل سیاسی مداخلت کی جا رہی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے۔ یہ حکومت کا فرض ہے کہ شہریوں کو فوری، بنیادی اور سستا انصاف فراہم کرے۔چیف جسٹس نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ پولیس کے معاملات بہتر بنائے جائیں۔
واضح رہے کہ پنجاب پولیس لاہور موٹروے پر خاتون کو بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی۔