خیر پور سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی ، 2بچیاں جاں بحق

336

 

سکھر(نمائندہ جسارت)خیرپور کے علاقے پیر جو گوٹھ کے قریب دریائے سندھ میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی، کشتی میں 25 افراد سوار تھے،ایدھی انفارمیشن سکھر کیمطابق خیرپور کے قریب پیرگوٹھ کے کچے کے علاقے میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی،گاؤں مور جھبر کے مکینوں کی نقل مکانی کے دوران کشتی الٹ گئی ،کشتی میں خواتین سمیت 25 سے زائد افراد سوار تھے۔ کشتی الٹ جانے کے باعث ڈوب کر جاںبحق ہونیوالی 2 بچیوں کی نعشیں نکال لی گئیں،باقی افراد کو سلامت نکالا گیا،3 افراد کو بیہوشی کی حالت میں ایمبولینس کے ذریعے خیرپور سول اسپتال منتقل کیا گیا ،15سالہ سندھو بنت محمد علی شیخ اور14سالہ لیلیٰ بنت محرم شیخ ڈوب کر جاںبحق ہوگئیں۔ متاثرہ افراد سیلاب کے بعد کچے سے پکے کی طرف منتقل ہو رہے تھے کہ کشتی ڈوب گئی۔ علاوہ ازیں جاری کردہ ایک اعلامیہ کیمطابق ڈپٹی کمشنر خیرپور نے جھبر شیخ میں کشتی ڈوبنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرین کے بہترعلاج معالجے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر
خیرپور علی علی قریشی رورل ہیلتھ سینٹر پیرجو گوٹھ کے اسپتال پہنچے اورمتاثرین سے ملاقات کی اور علاج کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سینٹر پیرجو گوٹھ کے انچارج کومتاثرین کے بہتر علاج معالجے کی ہدایت کی ۔