سکھر، نکاسی آب کا نظام مفلوج، پانی گھروں میں داخل

144

سکھر (نمائندہ جسارت) دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال، سیلابی پانی درگاہ حاجنا شاہ حضوری اور دریا کنارے رہائش پذیر افراد کے گھروں میں داخل، شہر میں نکاسی آب کا نظام مفلوج، سیوریج اور گٹر کا پانی شہر کے اہم تجارتی مراکز میں کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو آمد ورفت میں سخت مشکلات کا سامنا، انتظامیہ نکاسی آب کے لیے متحرک ہوگئی۔ دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال کے باعث دریائے سندھ کا پانی معروف درگاہ حاجنا شاہ حضوری کے مسافر خانے، درگاہ علی شاہ عثمانی اور دریا کے کنارے رہائش پذیر افراد کے گھروں میں داخل ہوچکا، شہر میں نکاسی آب کا نظام مفلوج ہونے کی وجہ سے شاہی بازار، مچھلی مارکیٹ، پرانا ٹانگہ اسٹینڈ پر سیوریج اور گٹر کا پانی کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو آمد ورفت اور نمازیوں کو مساجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے جانے میں سخت دشواری کا سامنا ہے۔ ایڈ منسٹریٹر روہڑی میونسپل کمیٹی نبیل ریاض سندھو کی ہدایات پر میونسپل اور پبلک ہیلتھ عملے نے شہر سے پانی کی نکاسی کے لیے کام شروع کردیا ہے۔ چیف سینیٹری انسپکٹر راجیش کمار نے بتایا کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے شہر کا سیوریج کا پانی دریائے سندھ میں جانے کے بجائے واپس ہورہا ہے، جس کی نکاسی کے لیے عملہ کوشاں ہے۔