لاڑکانہ ،بیکری پر زائد المعیاد آئٹمزکی فروخت،فوڈ کنٹرول اتھارٹی حرکت میں

288

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) سندھ کے مختلف اضلاع میں زائدالمعیاد بیکری آئٹمز فروخت کیے جانے کا انکشاف ،فوڈ پوائزنگ کے کیسسز میں اضافے کے باعث سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی حرکت میں آگئی، مختلف بیکرز پر چھاپے ایک لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد ایک بیکری کو سیل کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی نادرن سندھ کی ڈائریکٹر عائشہ جونیجو کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیمز کی جانب سے میہڑ اور خیرپور ناتھن شاہ میں مختلف بیکرز اور ہوٹلز پر کارروائیاں کی گئیں جس میں زائدالمعیاد جوسز اور بیکری آئٹمز پائے جانے پر سندھ بیکرز خیرپورناتھن کو سیل کر دیا گیا جبکہ مختلف آئوٹ لیٹس پر ایک لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ عائشہ جونیجو کا کہنا تھا کہ خیرپورناتھن اور میہڑ سمیت مختلف علاقوں سے فوڈ پوائزنگ کے بہت زیادہ کیسز سامنے آ رہے ہیں جس پر باڈھ، نصیرآباد، وارہ اور وگن سمیت سکھر کے متعدد علاقوں میں بھی کارروائیاں کی گئیں ہیں تاہم خیرپورناتھن اور میہڑ کی متعلقہ بیکری مالکان بڑے شہروں سے اشیا لا کر اپنی دکانوں پر فروخت کرتے ہیں جس کے باعث وہ کئی دن تک پڑے رہنے سے ناقابل استعمال ہوجاتی ہیں جبکہ اشیا خورونوش کو ٹرانسپورٹ کرنے کا بھی کوئی مربوط نظام نظر نہیں آیا ایسی زائدالمعیاد اشیا کو تلف کرنے کے بجائے دکانداروں کی جانب سے فروخت کر دیا جاتا ہے اور ان کا استعمال فوڈ پوائزننگ سمیت دیگر بیماریوں کا باعث بن رہا ہے، تمام ہوٹلز اور بیکرز کو سندھ فوڈ اتھارٹی کا لائسنس ہولڈر بننے کا پابند کیا جارہا ہے تاکہ یہ حفظان صحت کے اصولوں پر مکمل عملدرآمد کریں اور فوڈ سیفٹی افسران روٹین انسپکشن جاری رکھیں گے۔