سنتھیا رچی اپیل: اسلام آباد ہائیکورٹ کا وزارت داخلہ کو نوٹس جاری

463

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیر کو امریکی بلاگر سنتھیا ڈان رچی کو 15دن میں ملک بدری سے روک دیا۔

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے گزشتہ روز سنتھیا رچی کے ویزا میں توسیع سے انکار کرتے ہوئے امریکی بلاگر کو 15 دن کے اندر اندر ملک چھوڑنے کو کہا تھا جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملک بدری کے حکم نامے کو آئندہ سماعت تک روک دیا ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے امریکی بلاگر کی درخواست پر سماعت کی جس میں سنتھیا ڈان رچی نے وزارت داخلہ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔

عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے وزارت داخلہ، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر سے جوابات طلب کیے ہیں جبکہ سنتھیا رچی پر لگائے تمام الزامات کے حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

عدالت نے امریکی بلاگر کو اپنے الزامات سے متعلق حلف نامہ جمع کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ بلاگر کے وکیل نے مؤقف اپنایا ہے کہ وزارت داخلہ نے ویزہ مسترد کرتے وقت وجوہات کا ذکر کیا نہ ہمیں سنا۔

چیف جسٹس من اللہ نے کہا، ‘ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ درخواست گزار سنتھیا ڈان رچی کو پورا انصاف ملے’۔

خیال رہے کہ امریکی صحافی سنتھیا ڈان رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، مخدوم شہاب الدین اور پی پی پی قیادت کی جانب سے خودکو ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔