اسلام آباد (صباح نیوز)سابق وزیر اعظم اورپاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ20ستمبرکو کل جماعتی کانفرنس حکومت کو ہٹانے کے لیے ہوگی، تمام اپوزیشن جماعتیں شرکت کریں گی۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے اے پی سی میں متفقہ لائحہ عمل بنے گا، اپوزیشن کا اتحاد اپنے لیے کوئی سہولت نہیں مانگ رہا بلکہ یہ حکومت کو ہٹانے کے لیے ہےسابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو کوئی اختیار نہیں ہے کہ وہ کسی کو ایک پیسے کا جرم بھی معاف کرے،موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے ، موجودہ حکومت نے 2سال میں اتنی کرپشن کی جتنی کرپشن پاکستان کی تاریخ میں کسی نے نہیں کی،یہ تو اتنے کم ظرف اور گھٹیا لوگ ہیں کہ پاکستان کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔شاہ خاقان نے یہ بھی کہا کہ آئین بڑا واضح ہے کہ الیکشن لڑنے کے لیے دہری شہریت چھوڑنا ہوگی اور کابینہ کی میز پر صرف وہ شخص بیٹھ سکتا ہے جو صرف پاکستان کا شہری ہو۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو میرا بڑا سیدھا مشورہ ہے کہ وہ اپنا علاج مکمل کروا کر واپس آئیں، یہ میری ذاتی رائے ہے اور یہ ہر انسان کا حق ہے کہ وہ اپنا علاج مکمل کروائے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کبھی شفاف انتخابات نہیں ہوئے اورعوام کی رائے کا احترام نہیں کیا گیا، یہ سب سے بڑی ناکامی ہے تاہم پاکستان صرف پارلیمانی سیاست میں ہی اکٹھا رہ سکتاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیب کا چیئرمین عدالت عظمیٰ کا سابق جج ہے اس کے عمل سے تو مجھے شبہ پیدا ہو گیا ہے کہ اسے قانون کا پتا بھی ہے یانہیں۔