کوئٹہ ، مختلف حادثات میں خاتون اور بچے سمیت 5افراد جاں بحق

191

 

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 2 سگے بھائیوں کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے، مقتولین میں سے ایک گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کا ضلعی صدر ہے۔ ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان کلی منگلزئی میں مسلح افراد نے دو بھائیوں احمد جان اور عبدالمنان کو اغوا کرنے کے بعد قتل کردیا۔ ملزمان لا شیں ویرانے میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ اسسٹنٹ کمشنر قلعہ عبداللہ جہانزیب شیخ کے مطابق لیویز نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ مقتول عبدالمنان گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن قلعہ عبداللہ کے صدر تھے۔ واقعہ پرانی رنجش کا شاخسانہ بتایا گیا ہے۔ لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ متعلقہ تھانے نے ملزمان کی گرفتاری اور مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے علاقے میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ مشرقی بائی پاس گلی نمبر 8 میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئیں، جس کی لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا، واقعہ سے متعلق پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ کوئٹہ میں ٹریکٹر کی ٹکر سے بچہ جاں بحق ہوگیا۔ مشرقی بائی پاس پر ٹریکٹر کی ٹکر سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا، لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اسے کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔ واقعہ سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔ نصیر آباد میں قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق نصیر آباد کے علاقے نوتال کے قریب ٹرک اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار محبوب علی جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ہونے والا شخص کوئٹہ کا رہائشی تھا، جو ڈیرہ مراد سے کوئٹہ جارہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا، مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔