سراج الحق آج کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگے

443

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق آج دوپہر ڈھائی بجے یوسف گوٹھ اور سیکٹر 4بی سمیت سرجانی ٹائون میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ متاثرین سے ملاقات و مسائل سے
آگاہی اور الخدمت کے تحت جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے ۔ اس موقع پر وہ کریمی چورنگی پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو بھی کریں گے ۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت بارش کے فوراً بعد سے ہی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی تھیں ، الخدمت کے رضا کاروں نے بارش میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ریسیکو بھی کیا اوریوسف گوٹھ ، ابراہیم گوٹھ ، بسم اللہ ٹائون ،سرجانی ٹائون سیکٹر4بی ، سیکٹر 1اور 2کے مکینوں کو پینے کا صاف پانی اور کھانا بھی فراہم کیا گیا ۔ طبی امداد اور ادویات بھی دی گئیں ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بھی بارش کے بعد 3 مرتبہ ان علاقوں کا دورہ اور متاثرہ مکینوں سے ملاقات کر چکے ہیں اور حکومت اور متعلقہ اداروں کو متوجہ کرتے رہے ہیں کہ ایک بہت بڑی آبادی جو ابھی تک بارش کے باعث پیدا شدہ مسائل میں گھری ہوئی ہے اورجس سے تاحال بارش کے پانی کی نکاسی نہیں ہو سکی ہے ۔

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سندھ میں 2 ہفتے سے کربلا بنا ہوا ہے کی بارشوں میں100 سے زاید افراد ہلاک ہوگئے وفاقی اور صوبائی حکومت کہا ںہے؟ کیا سندھ
پاکستان کا حصہ نہیں ؟ جماعت اسلامی مشکل کی گھڑی میں سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے اورکھوکھر محلہ لاکھا مسجد پرالخدمت کی جانب سے لگائے گئے آر او پلانٹ کے افتتاح کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کیا سندھ پاکستان کا حصہ نہیںہے؟ سندھ کے عوام ٹیکس دیتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے ، الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کاروں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوںنے مشکل کی گھڑی میں عوام کی خبر گیری کی۔ انہوںنے کہاکہ کیا اس ملک کے نوجوانوں کا مستقبل یہی ہے کہ وہ ٹیکس دے دے کر حکمرانوں کے بینک اکاؤنٹ اور شوگر ملز میں اضافے کرتے رہیں ؟ہم ایسے نظام کو نہیں مانتے اب وقت آگیا ہے کہ عوام اپنے حقوق کے لیے بیدار ہوجائیں ،بہت جلد کرپٹ نظام ختم اور اس ملک کے غریب اور مخلص عوام کا وقت آنے والا ہے۔ انہوںنے اپوزیشن کی اے پی سی میں جانے کے پروگرام کے حوالے سے کہاکہ اے پی سی کا ایجنڈا واضح نہیں ہے اس لیے ہم نے فیصلہ نہیں کیا یہ وقت عوام کو بچانے کا ہے ۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ‘صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالوحیدقریشی‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی امیر حافظ طاہر مجید ودیگر بھی موجود تھے ۔