تمام فریق ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ برقرار رکھنے پر متفق

435
ویانا: ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے متعلق چھ ممالک کے نمایندے اجلاس کررہے ہیں

ویانا (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کے ساتھ طے جوہری سمجھوتے پر دستخط کرنے والے 7 میں سے 6 ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے تہران کے خلاف پابندیوں کی بحالی کے امریکی مطالبے کو مسترد کردیا ہے، جس کے تحت ایران یورینیم افزودہ نہ کرنے اور معاینے کی اجازت دینے کا پابند ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق برطانیہ، فرانس، جرمنی، روس، چین اور ایران نے ویانا میںایک اجلاس میں امریکی تجویز پر مذاکرات کیے۔ امریکی حکومت نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ ایران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کا دوبارہ نفاذ چاہتا ہے، کیوں کہ ایران نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے چینی سفیر فْو کونگ نے میڈیا کو اجلاس کے شرکا کے اس مؤقف سے آگاہ کیا کہ سمجھوتے سے باہر نکل جانے والا ملک امریکا پابندیوں کی بحالی کا عمل شروع کرنے کے لیے قانونی طور پر مجاز نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رکن ممالک سمجھوتا برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ایران اپنے مؤقف میں لچک کے اشارے دے رہا ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ گزشتہ ہفتے ایران نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی آئی اے ای اے کے معاینہ کاروں کو اپنی 2 جوہری تنصیبات تک رسائی کی اجازت دینے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔