وزیراعلیٰ سندھ کا سجاول، میر پور خاص،عمر کوٹ اور تھرپارکر کا دورہ

144

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ نے سیلاب سے متاثرہ سجاول، میر پور خاص، عمر کوٹ اور تھرپارکر کا دورہ کیا، کاشتکاروں نے شکایتوں کے ڈھیر لگا دیے۔وزیراعلیٰ سندھ نے میرپورخاص اور تھرپارکر کے سرحدی شہر نوکوٹ کے قریب سیم نالے کا جائزہ لیا اور شگاف فوری پْر کرنے کی ہدایت کی۔ مراد علی شاہ تحصیل جھڈو میں سیلاب متاثرہ کیمپ بھی پہنچے۔مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ طوفانی بارشوں کے بعد سندھ بھر میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گااس مقصد کے
لیے میں خود سندھ کے مختلف اضلاع کا دورہ کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں گھروں اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اس کے ازالے کیلئے منتخب نمائندوں اور ریونیو افسران پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جوسروے کرکے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ دیں گی، رپورٹ کی ر وشنی میں نقصانات کا معاوضہ دیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر میرپورخاص اوردیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ متاثرین کو خیمے اور کھانے پینے کا سامان دیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیر اعظم سے بات ہوئی ہے، مجھے امید ہے کہ وہ پورے سندھ کو ایک ہی نظر سے دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں سیاست نہیں کرنی چاہیے شبلی صاحب کو شاید اندازہ نہیں کہ ایسے وقت میں لوگوں کی مدد کی جاتی ہے۔شبلی کے بیان سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ لوگوں کی مدد کرنا نہیں چاہتے۔