اسلام آباد(آن لائن ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت میں چین کیخلاف دم خم نہیں وہ پہلے بھی اپنے فوجیوں کی لاشیں چھوڑ کر بھاگا ہے۔ ایک بیان میںوزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ میری 21 اگست کو دورہ چین کے دوران چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ملاقات ہوئی، انہوں نے مجھے لداخ کی صورتحال، بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور چین کے دفاعی منصوبے سے تفصیلاً آگاہ کیا، چین کو اپنے نکتہ نظر اور فورسز پر اعتماد ہے، بھارت کے دعوؤں میں کوئی دم خم نہیں، بھارت نے پہلے بھی چین کے ساتھ پنجہ آزمائی کی اور اپنے فوجیوں کی لاشیں چھوڑ کر
بھاگا۔وزیرخارجہ نے مزیدکہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مذہبی رواداری کی جھوٹی دعویدار بھارت سرکار نے ظلم و ستم کی انتہا کر دی، پہلے تو عزاداری کے جلوسوں کو نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی بعد ازاں ان جلوسوں کے شرکا کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گرفتاریاں کی گئیں شاہ محمود نے کہا کہ عید کے موقع پر ہم نے دیکھا کہ مساجد کو تالے لگوا دیے گئے اور اب محرم الحرام میں ظلم و تشدد کا وہ منظر پیش کیا گیا جس کی مثال نہیں ملتی، پوری امت مسلمہ میں اس بھارتی رویے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران یکجہتی کا ثبوت دینے پر تمام مکاتب فکر کا مشکور ہوں۔