اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عدالت عظمیٰ نے فیصلہ جاری کیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کو صرف ماتحت عدلیہ کے فیصلے کی توثیق کرنی چاہیے، تفصیلی وجوہات اور دوبارہ تحقیقات کرنا غیرضروری اور عوام کے وقت کا ضیاع ہے۔عدالت عظمیٰ کے جسٹس منصور علی شاہ نے ماتحت عدلیہ کے فیصلوں سے متعلق یہ تحریری حکم عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیلوں کے کیس میں جاری کیا۔فیصلے میں عدالت عظمیٰ نے قرار دیا کہ بدلتے وقت کے ساتھ پرانے طریقہ کار بدل جاتے ہیں، کوئی چیز پتھر پر لکیر نہیں ہوتی۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ بڑھتی آبادی اور پیچیدہ قانونی مسائل کا تصوراتی حل ضروری ہے، دنیا بھر کی عدالتوں میں جدید طریقے اپنائے جارہے ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ جس مقدمے میں ماتحت عدلیہ کے فیصلے کو برقرار رکھنا ہو اس میں وضاحت کی ضرورت نہیں ہے، عدالت عظمیٰ کو صرف ماتحت عدلیہ کے فیصلے کی توثیق کرنی چاہیے۔فیصلے میں کہا گیا کہ کیسز کی تفصیلی وجوہات اور دوبارہ تحقیقات کرنا غیر ضروری اور عوام کے وقت کا ضیاع ہے لہٰذا وقت بچا کر ان فیصلوں پر صرف کرنا چاہیے جن سے اختلاف کیا جائے۔جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کیا کہ ماتحت عدلیہ کے فیصلے میں کوئی غلطی نظر نہ آئے تو مختصر فیصلہ دینا چاہیے جو شفاف ٹرائل کے عدالتی طریقے کے بالکل خلاف نہیں ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ٹھوس وجوہات نہ ہونے کے باعث نظر ثانی اپیلیں خارج کردی جاتی ہیں۔