عدالت عظمیٰ سندھ کے عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائے ،جماعت اسلامی

359

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور بلنگ پر گھری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیکر عوام کو ان مظالم سے نجات دلائے۔ یہ بات صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں منظور ہونے والی ایک قرارداد میں کہی گئی جو کہ سندھ کے امیر محمد حسین محنتی کی زیر صدارت قباء آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ کے الیکٹرک،حیسکو اور سیپکو نے اس شدید گرمی کے باوجود اعلانیہ وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ذریعے عوام کی زندگی عذاب بنائی ہوئی ہے، ملک میں سرپلس بجلی ہونے کے حکومتی دعوئوں کے برعکس کراچی تا کشمور سندھ کے عوام اس شدید گرمی میں سخت اذیت کا شکار ہیں جو کہ صرف اور صرف نااہلی وکرپشن کی وجہ سے ہے۔ عوام کے ساتھ اس ظلم وزیادتیوں کے باوجود بھی بھاری بل وصول کیے جارہے ہیں اور آئے روز ٹیرف میں اضافہ کرکے عوام پرمزید بجلی گرائی جارہی ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ کے الیکٹرک کو فوری طور پر قومی تحویل میں لیکر اس کا فوری طور پر آڈٹ کروایا جائے۔ اسی طرح حیسکو اور سیپکوکا بھی قبلہ درست کرنے کے لیے آڈٹ کے ساتھ کرپشن فری، سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔ جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی میں کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کیخلاف تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اسے عوام کی آواز قراردیا گیا۔ ایک دوسری قرارداد میں سندھ میں آٹے کے بحران، گندم وگنے کے ریٹ مناسب نہ دینے سمیت زراعت پر حکومتی عدم توجہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ آٹا وچینی بحران کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کے ساتھ، گنے وگندم کے مناسب ریٹ جبکہ زراعت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دیکر کاشتکاروں کے مسائل کو حل کیا جائے۔