وزیر دفاع پرویز خٹک سے قطر اور مصر کے سفیروں کی ملاقات

204

اسلام آباد (آن لائن) وزیر دفاع پرویزخٹک سے قطر اور مصر کے سفیروں کی الگ الگ ملاقات، دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی، فوجی تعاون، مشترکہ مشقوں سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن التھانی سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، قطر ہمارے لیے ایک اہم ملک ہے اور خطے میں اس کا کلیدی کردار ہے۔ ہمیں اقتصادی
تعاون سے بڑھ کر دفاعی، فوجی مشقوں اور شخصیات کی تربیت اور مشترکہ منصوبوں تک اپنے تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ہمارے فوجی ادارے قطری مسلح افواج کی تربیت کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جس پر قطر کے سفیر نے نئی حکومت کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور کہا کہ ہمیں نئی حکومت کے تعاون پر بھروسہ ہے اور ہم اس کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہیں۔ بعدازاں مصر کے سفیر تیرک دروغ نے بھی وزیر دفاع پرویز خٹک سے ملاقات کی۔ پرویز خٹک نے کہا کہ مصر اور پاکستان بیشتر علاقائی اور داخلی امور، بالخصوص امت مسلمہ سے متعلق خطے میں مسائل پر یکساں سوچ رکھتے ہیں۔ لہٰذا دونوں ممالک کیلیے مختلف شعبوں میں مشترکہ کام کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ معزز مہمان نے دفاع کے میدان میں دونوں ممالک کے موجودہ تعاون کے پیمانے کو تسلیم کرتے ہوئے اس کو مشترکہ طور پر متعلقہ شعبے میں ترقیاتی بنیاد بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔