دادو، محکمہ بہبود آبادی میں کروڑوں روپے کی کرپشن

210

دادو (نمائدہ جسارت) دادو میں محکمہ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف، محکمہ پاپولیشن میں آنے والے کروڑوں روپے کی ٹریژری سے لیکر منتخب نمائندوں اور ذمے دار محکموں تک بندربانٹ جاری، کروڑوں روپے کی ادویات اور تیل کی مد میں کرپشن کیے جارہے ہیں، ذرائع۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر رضا علی بلوچ کروڑوں روپے کے گھپلوں میں مصروف، ڈسٹرکٹ آفیسر نے محکمہ تباہ کردیا۔ دادو محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کو ملنے والی کروڑوں روپے کی ادویات اور پیٹرول میں خوردبرد ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر رضا علی بلوچ کی جانب سے ہر تیسرے ماہ ملنے والی پانچ کروڑ سے زائد بجٹ بندر بانٹ کرکے ہڑپ کر لیے جاتے ہیں، جس میں ٹریژری بھی ملوث ہے اور منتخب نمائندوں اور دیگر ذمے دار محکموں تک منتھلی پہنچائی جاتی ہے، ملنے والی کروڑوں رپے کی دوائیاں پرائیویٹ سینٹرز کے ڈاکٹروں کو آدھے داموں پر فروخت کی جا رہی ہیں، فروخت ہونے والی دوائیوں، پیٹرول اور دیگر بجٹ میں بڑے پیمانے پر گھپلے کیے جارہے ہیں، ان گھپلوں میں ٹریژری آفیسرز بھی ملوث ہیں، ادویات دکانداروں کو فروخت کی جارہی ہیں۔ دیگر دوائیاں دادو کے پرائیویٹ ہیلتھ سینٹرز کی لیڈی ڈاکٹرز کو فروخت کی جا رہی ہیں اور وہ پرائیویٹ سینٹرز کی لیڈی ڈاکٹرز آنے والے مریضوں سے دوگنے پیسے لے کر سرکاری دوائیوں سے علاج کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب پی پی ایچ آفس میں بھی کروڑوں روپے کی کرپشن کی جارہی ہے، ملنے والے کروڑوں روپے کی بجٹ سے جعلی ادویات بنانے والی کمپنیوں سے میڈیسن لے کر دادو کے دیہات میں بیسک ہیلتھ سینٹرز کو مہیا کی جاتی ہیں، دوائی کی کمپنیوں کو کمیشن دے کر دوائیوں میں محکمہ کا بغیر اسٹیمپ دوائیاں لے کر فروخت کی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ضلع دادو سے لے کر سیکرٹریٹ تک کمیشن کھلایا جارہا ہے، جس کی وجہ سے کرپشن میں ملوث آفیسرز سے کوئی پوچھنے والا نہیں، دادو کے شہریوں اور علاقہ مکینوں نے عدالت عظمیٰ اور دیگر حکام بالا کو نوٹس لینے کا مطابہ کیا ہے۔