اسلام آباد: نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کے سیکنڈری رن وے میں بارش سے دراڑیں پڑگئیں جس کی وجہ سے رن وے نمبر 28 آر کو طیاروں کے ٹیک آف اور لینڈنگ کے لیے بند کر دیا گیا۔
سول ایوی ایشن حکام کےمطابق نیو اسلام آبادائیر پورٹ کے سیکنڈری رن وے میں کریکس کی موجودگی پر رن وے نمبر 28 آرکو طیاروں کے ٹیک آف اور لینڈنگ کے لیے بند کرکے نوٹم جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹم کے مطابق اسلام آباد میں شدید بارشوں سے متاثرہ حصے کی مرمت کاکام شروع کردیا گیا ہے، اس دوران مرمت کی وجہ سے سیکنڈری رن وے صرف طیاروں کی ٹیکسی کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
ذرائع کاکہناہے کہ سیکنڈری رن وے پر اس سے قبل بھی کریکس آ چکے ہیں جبکہ ائیرپورٹ حکام کاکہنا ہے کہ کریکس کے مستقل حل کے لیے رن وے کو لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے بند کیا گیا ہے جبکہ متبادل رن وے کام کرتا رہیگا۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل اسلام آباد ائیرپورٹ کے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک ڈیپارچر کی چھت کی سیلنگ گرنے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی، فوٹیج میں نظر آ رہا ہے کہ سیلنگ گرتے ہی بارش کا پانی بھی لانجز میں داخل ہو گیا۔