ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ساکرو کے نزدیک کوسٹل ہائی وے پر واقع گائوں محمد عارب جت کے رہائشی میٹھے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، سمندر کے کالے پانی نے فصلوں کو ختم اور زمینوں کو بنجر بنا دیا، گائوں کے رہائشیوں کا احتجاجی مظاہرہ۔ ساکرو کوسٹل ہائی وے کے نزدیک گائوں محمد عارب جت کے رہائشیوں نے بنیادی سہولیات نہ ملنے کیخلاف کوسٹل ہائی وے پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے سے اصغر جت، احمد جت اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گائوں میں ہر کوئی ووٹ لینے آتا ہے اور وعدے کیے جاتے ہیں کہ جیتنے کے بعد ہر سہولت دی جائے گی مگر وہ وعدے کبھی وفا نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے گائوں کی آبادی بہت ہے مگر یہاں کے بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ سمندر کے کالے پانی کی لہروںسے فصلیں تباہ ہوگئیں، زمینیں بنجر ہیں، لوگ میٹھے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے مگر کوئی توجہ نہیں دے رہا، ہم غریب لوگ پانی نہیں خرید سکتے، بجلی تک نہیں، جیسے یہاں انسان ہی نہ رہتے ہوں۔ انہوں نے سینیٹر سسی پلیجو، ایم این اے شمس النساء میمن، ایم پی اے جام اویس گوھرام، پپلز پارٹی کے رہنمائوں صادق میمن، غلام قادر پلیجو سے مطالبہ کیا ہے کہ خدارا اپنے ووٹرز پر رحم کھاتے ہوئے ان کے بنیادی مسائل حل کرائیں۔