دادو میں سندھ سوشل شعور کی جانب سے پولیس کیخلاف ریلی

450

دادو(نمائدہ جسارت) دادو میں سندھ سوشل شعور کی جانب سے پولیس کے خلاف ریلی نکالی گئی، ریلی میونسپل پارک سے دادو پریس کلب تک نکالی گئی، شرکا نے امن امان بحالی کیلیے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے لگاتے ہوئے پریس کلب پر دھرنا دیا،مظاہرن نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے، سیکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ سندھ سوشل شعور کے چیئرمین لیاقت مجید پنہور، مجیب الرحمن پنہور، ڈاکٹر شاہد حمید پنہور اور دیگر نے کہا کہ شہر بھر میں چوروں نے لوگوں کا جینا محال کردیا ہے پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے دادو پولیس لوگوں کی جان و مال کا تحفظ کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے ۔ڈاکو سرعام گاڑیاں چھین کر فرار ہو جاتے ہیں، شہر بھر میں چوریوں اور ڈکیتیوں کی وجہ سے شہریوں کے لاکھوں روپے لوٹے گئے ہیں پولیس تاحال جانچ پڑتال ہی کر رہی ہے ۔مظاہرین نے ایس ایس پی، آئی جی سندھ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دادو میں امن امان کی صورتحال بہتر بناکر شہریوں کو ریلیف دیا جائے ۔دوسری جانب رابطہ کرنے پر ایس ایس پی دادو ڈاکٹر فرخ رضا نے بتایا کہ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز سے امن کی فضا کی بحالی کیلیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ ضلع بھر میں گشت اور اسنپ چیکنک میں اضافہ کردیا ہے،پولیس فورس کے اضافی دستے بھی تعینات کیے ہیں ضلع بھر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ پوائنٹ لگائے جائیں گے جو بھی ڈکیتی اور چوریاں ہوئی ہیں جلد واپس کرائی جائیں گی اور جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔