جماعت اسلامی سکھر کا عرب امارات اور اسرائیل گٹھ جوڑ کیخلاف احتجاج

332

 

سکھر( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی ضلع سکھرکی جانب سے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین معاہدہ کیخلاف فلسطینیوں کی حمایت میں ایک ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت امیر ضلع سکھرمولانا حزب اللہ جکھرو نے کی جبکہ پریم یونین کے سیکرٹری جنرل،نائب صدر این ایل ایف خیر محمد تنیو، اسلامی تحریک کے صدر علامہ امداد حسین حسینی، سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی جاوید میمن،جے یو آئی (س) کے رہنما علامہ عبدالستار بروہی،جماعت اسلامی کے قیم ضلع سکھر مولاناسلطان احمد ایڈووکیٹ،عبدالحلیم تنیو،حافظ امان اللہ،اکرم راجپوت، سرفراز صدیقی،رضا اللہ گھمرو،حفیظ اللہ جمالیاور نبیل طارق سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔ریلی مینارہ روڈ سے سکھرپریس کلب پہنچی ، شرکا نے ہاتھوں میں پرچم و بینرز اٹھا رکھے تھے اور یو اے ای اسرائیل معاہدہ کے خلاف اور فلسطین کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے۔ مولانا حزب اللہ جکھرو و دیگر مقررین نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کے سلگتے ہوئے مسائل ہیں، اسرائیل نے فلسطین اور بھارت نے کشمیر پر قبضہ کررکھا ہے عالم اسلام کے بعض حکمراںاستعماری قوتوں کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں، جس کی مثال یو اے ای اسرائیل معاہدہ ہے، یہ معاہدہ امریکا آشیر باد کا حصہ ہے، جس کا مقصد فلسطینیوں کے خلاف گٹھ جوڑ ہے۔انہوں نے کہا کہ استعماری قوتوں نے عالم اسلام کے ممالک پر اپنی مرضی کی قیادت مسلط کررکھی ہے، استعماری قوتوں نے عالم اسلام کے وسائل ،تیل کے ذخائر، معدنیات،سمندروں اورزمینوں پر قبضہ کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ قبلہ اول فلسطین کی یہودیوں کے ناجائز تسلط سے آزادی ہمارے ایمان کا حصہ ہے،مسلمان ممالک اسرائیل سے تعلق توڑدیں،وہ ہمارے فلسطینی بھائیوں کا قاتل یورپ کی ناجائز ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو کفر سے بچانا ہر مسلمان فرد کی ذمے داری ہے۔آج کفر متحد ہورہا ہے لیکن مسلمان منتشر ہورہے ہیں۔یو اے ای نے مسلم امت کے جسم میں چھرا گھونپا ہے،جماعت اسلامی فلسطینیوںکے ساتھ ہے ،ہمارے دل فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،عالم عرب ہوش کے ناخن لے ،اسرائیل اور امریکا مسلمانوں کے دشمن ہیں ،حکومت پاکستان فوری او آئی سی کا اجلاس بلائے۔مسلم بلاک کو مضبوط کرے۔یو اے ای کا بائیکاٹ کیا جائے۔حکومت پاکستان انہیں دی ہوئی مراعات واپس لے اور غیرت مند قوم کی حقیقی قیادت کرے۔آج امت پریشان ہے،قیادت کا فقدان ہے۔57ممالک ریت کے ڈھیر بن گئے ہیں،جہاد کا وقت آگیا ہے،کشمیر ہو یا فلسطین ان کی آزادی جہاد سے ہی ممکن ہے۔ اسرائیل نے فلسطین پر ناجائز تسلط قائم کر رکھا ہے، امت مسلمہ کو اسرائیل کسی قیمت پر منظور نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلیوں ! فلسطین سے نکل جاؤ۔ القدس ہمارا ہے۔