سکھر،ناراکینال میں مگرمچھوں کی موجودگی کا انکشاف

268

سکھر(نمائندہ جسارت)نارا کینال جو سکھر سے گزرتی ہوئی عمر کوٹ تک جاتی ہے ، میں برسہا برس سے مگر مچھوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، ڈپٹی کنزرویٹر محکمہ وائلڈ لائف عدنان حامد خان کا کہنا ہے نارا کینال میں مگر مچھ موجود ہیں، نارا کینال میں موجود مگر مچھ نے چار روز قبل ایک بچی کو نشانہ بنایا جبکہ گزشتہ روز ایک خاتون کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہی،ڈپٹہ کنزر ویٹر نے مزید کہا ہے کہ اس سے قبل اس طرح کے واقعات کبھی رپورٹ نہیں ہوئے ہیں، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کے عملے کی جانب سے جائے وقوع کا دورہ کرکے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں،اہل خانہ کے مطابق بچی نے نہانے کے لیے نہر میں چھلانگ لگائی، جس کے بعد مگر مچھ اسے لے گیا۔ ڈپٹی کنزر ویٹر کے مطابق نارا کینال میں مگر مچھ کئی صدیوں سے موجود ہیں،مگر مچھوں کو نارا کینال سے ختم کرنا ناممکن بات ہے، تاہم نارا کینال سے ملحقہ آبادیوں میں آگاہی مہم چلائی جائے گی کیونکہ افزائش کے موسم میں مگر مچھوں کا رویہ تبدیل ہوجاتا ہے۔