ٹھٹھہ، پولیس اہلکار کے قتل میں ملزم گرفتار دیگر کی تلاش جاری

84

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ہفتے کی درمیانی شب بے دردی سے قتل ہونے والے مکلی تھانے کے بڑے منشی غلام رسول جاکھرو کے قتل کیس میں ایک ملزم گرفتار دیگر کی تلاش جاری۔ ہفتے کی درمیانی شب بے دردی سے قتل ہونے والے مکلی تھانے کے بڑے منشی غلام رسول جاکھرو کو نامعلوم سفاک قاتلوں نے بے دردی سے قتل کردیا تھا، جس پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی ٹیم بنائی تھی اور ایس ایچ او کی مدعیت میں 3 قاتلوں کیخلاف دفعہ 302 کے تحت کیس داخل کرایا گیا تھا۔ مکلی تھانے پر داخل ایف آئی آر میں مقتول پولیس اہلکار کو شہید قرار دے دیا گیا ہے۔ پولیس کی خصوصی ٹیم نے مکلی میں چھاپا مار کر ایک نوجوان ملزم سکندر جاکھرو کو گرفتار کرلیا جس کے پاس سے مقتول کا پرس اور موبائل بھی برآمد ہوا ہے۔ گرفتار ملزم نے اپنے دیگر اوباش قسم کے دوستوں کے ہمراہ ملکر مکلی تھانے کے بڑے منشی غلام رسول جاکھرو کو بے دردی سے قتل کرنے کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے مقتول پولیس اہلکار کو دھوکے سے بلا کر مکلی قبرستان میں قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔