اسلام آباد/چترال(اے پی پی/صباح نیوز) چترال کے علاقے اپر یار خون لشٹ کے مقام پر گلیشیر پھٹ گیا،جس کے باعث ندی نالوں میں سیلاب آگیا ، ایک لڑکی ڈوب کر جاں بحق ہو گئی۔ ڈی سی چترال شاہ سعودکے مطابق لڑکی کی لاش سیلابی ریلے سے نکال لی گئی ، علاقے میں کئی مکانات بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے، 5مکانات دب گئے، جبکہ یار خون اور برغیل پاس روڈ آمد و رفت کے لیے بند ہو گئے ، متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں۔چترال میں درجہ حرارت بڑھنے سے برفانی جھیلوں کے پگھلنے کا عمل تیز ہوگیا،محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں درجہ حرارت بڑھنے سے برفانی جھیلیں پھٹنے کا الرٹ جاری کر دیا گیا ، ہنزہ، بگروٹ، نگر اور یاسین ویلی میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہوگا،درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیرز کے پگھلنے کا عمل تیز ہوجائیگاجبکہ 17 گست کو ہونے والی بارش سے برفانی جھیلیں پھٹ سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے ہنزہ، نگر، بگروٹ اور یاسین ویلی کے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ محکمہ موسمیات نے ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اتوارسے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا، تاہم اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی پختونخوا ،جنوب مشرقی سندھ اور کشمیرکے اضلاع میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم تخت بائی، بالاکوٹ، دیر، ڈی آئی خان، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں تخت بائی 89، بالاکوٹ 7، دیر 4، ڈی آئی خان 1، اسلام آباد (زیر وپوائنٹ35، سید پور 26)، پنجاب میں بھکر 18، راولپنڈی (شمس آباد 5)، اٹک، لیہ 3،کشمیر میں گڑھی دوپٹہ 1، گلگت بلتستان میں بگروٹ میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دالبدین، نوکنڈی 46، چلاس 44، دادو، موہنجوداڑو اور سبی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔