سکھر (نمائندہ جسارت ) سکھر میں مگر مچھ کمسن بچی کو ایک ہی وار میں نگل گیا۔ 10 سالہ زاہدہ خاصخیلی کینال کنارے کھیل رہی تھی کہ مگر مچھ نے حملہ کردیا، ایک ہی وار میں دیو قامت مگر مچھ بچی کو نگل کر کینال برد ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع سکھر کے نواحی علاقے صالح پٹ کے قریب کمسن بچی مگر مچھ کی خوراک بن گئی، نواحی علاقے سے گذرنےوالے نارا کینال میں موجود مگر مچھ نے کمسن بچی کو نگل لیا۔10 سالہ زاہدہ خاصخیلی کینال کنارے کھیل رہی تھی کہ مگر مچھ نے حملہ کردیا، ایک ہی وار میں دیو قامت مگر مچھ بچی کو نگل کر کینال برد ہوگیا، حملے کی شکار بچی کے ساتھ موجود بچوں کی چیخ و پکار پر علاقہ مکین پہنچ گئے۔ مقامی لوگوں نے بچی کوبچانے کی کوشش بھی کی لیکن ان کی تمام تدبیریں ناکام رہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مگرمچھ کی لمبائی16 فٹ سے بھی زائد تھی اور بچی کو نگلنے کے بعد مگر مچھ پانی میں غائب ہوگیا۔ ذرائع محکمہ وائلڈلائف کا کہنا ہے کہ 300سے زائدمگر مچھ دریا میں موجود ہیں اس لیے لوگ ان کے قریب جانے سے گریز کریں۔ جائے وقوعہ موجود مکینوں نے مگر مچھ کی تلاش شروع کردی ہے۔