سکھر کو خوبصورت بنانے کیلیے شہری جنگلات تیار کیا جارہا ہے ،رانا عدیل

141

سکھر (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے کہا ہے کہ سکھر شہر کو مزید خوبصورت بنانے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے سلسلے میں حکومت سندھ کی جانب سے شہری جنگلات کے فروغ کے لیے سٹی پوائنٹ سے ایئر پورٹ روڈ تک کینالوں کے درمیان تجاوزات ہٹانے کے مقام پر 100 ایکڑ پر مشتمل شہری جنگلات تیار کیا جارہا ہے جس کے تحت کئی ایکڑ پر پودے لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سکھر ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے صاف اور سرسبز پاکستان کے تحت شجرکاری مہم شروع کرنے کے سلسلے میں منعقدہ پروقار اور سادہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور، ایئر پورٹ منیجر عبدالسعید عباسی اور دیگر مہمانوں اور افسران نے مختلف اجناس کے پودے لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے مزید کہا کہ درخت اور انسان کا رشتہ پرانا اور اٹوٹ ہے اور درخت انسانی صحت کے لیے تمام مفید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگانے سے ماحول سے آلودگی کا خاتمہ ہوتا ہے اور لوگوں کو سکون سے سانس لینے کا موقع ملتا ہے، اسی طرح گرمی کی شدت میں بھی کمی آتی ہے۔ ڈی سی سکھر رانا عدیل تصور نے کہا کہ سٹی پوائنٹ سے ایئر پورٹ روڈ تک قائم ہونے والی اربن فاریسٹری شہر کی خوبصورتی کو مزید بہتر بنائے گا، جس سے سکھر شہر اور آسپاس گرمی میں کمی آئے گی، موسم خوشگوار ہوگا اور شہریوں کو ان درختوں کی وجہ سے تازہ آکسیجن مل سکے گی۔ شہر کے دیگر مقامات پر بھی گرین زون قائم کیے جارہے ہیں اور شجرکاری کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایئر پورٹ منیجر عبدالسعید عباسی نے کہا کہ شجرکاری مہم کے سلسلے میں سکھر ایئر پورٹ کے پارکس اور دیگر مقامات پر 600 سے زائد درخت لگائے جائیں گے جن میں مختلف اجناس کے پودے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھی پاکستان میں جاری صاف اور سرسبز پاکستان شجرکاری مہم کی تعریف کی ہے۔ عوام کو انفرادی طور پر بھی درخت لگا کر ان کی حفاظت کرنی چاہیے۔ تقریب میں اے ایس ایف، سول ایوی ایشن اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔