ٹھٹھہ، سوزوکی الٹنے سے ایک شخص جاں بحق، 7 زخمی

101

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) گجو کے قریب سوزوکی پک اپ ٹائر پھٹنے کے باعث الٹ گئی، فٹبال کھیل کر واپس آنے والا ایک کھلاڑی جاں بحق، 7 زخمی، ریکارڈنگ کے دوران بدمست ڈاکٹر کی صحافی سے بدتمیزی و گالم گلوچ۔ دھابیجی میں فٹبال ٹورنامنٹ کھیل کر ٹھٹھہ واپس آنے والے کھلاڑیوں کی سوزوکی پک اپ گجو کے قریب ٹائر پھٹنے کے سبب الٹ
گئی، جس میں سینئر صحافی محبوب بروہی کا خالہ زاد بھائی نوجوان غلام قادر بروہی جاں بحق جبکہ دیگر 7 زخمی ہوگئے، زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو مکلی سول اسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں ڈاکٹر حیدر شاہ کوثری نے ریکارڈنگ کے دوران صحافی ثمر بیگ سے بدسلوکی کی، دھکے دیے اور کہا کہ صحافیوں کا ایمرجنسی میں داخلہ بند ہے، صحافی کے بعد مذکورہ ڈاکٹر نے علاج کی غرض سے آئے ہوئے مریضوں سے بھی کافی بدکلامی کی۔ ڈاکٹر کے اس رویے پر ٹھٹھہ اور سجاول ضلعوں کے صحافیوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر حیدر شاہ کوثری کی میڈیکل ڈگری چیک کرائی اور ڈاکٹر کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ دوسری طرف ٹھٹھہ کی سماجی، مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے محبوب بروہی کے کزن کی ناگہانی موت پر دکھ کا اظہار کیا اور سول اسپتال مکلی کے ایمرجنسی وارڈ میں موجود ڈاکٹر حیدر شاہ کوثری کو فوری برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔