کشمیر و فلسطین کے آزاد ہونے تک ہماری آزادی ادھوری رہے گی، سراج الحق

173

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے قوم کو 74ویںیوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جب تک کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کوہنود و یہود کے خونی پنجے سے آزادی نہیں مل جاتی ہماری آزادی ادھوری ہے۔ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اور اپنی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت نہ کرسکنے والی قوموں کو دنیا سے حرف غلط کی طرح مٹا دیا جاتا ہے ۔ہمیں اپنی آزادی کی حفاظت کے لیے تن من دھن سے جدوجہد کرنی ہے ۔ یہ موقع ہے کہ اللہ تعالیٰ سے پاکستان و عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیںخاص طور پر اپنے ان پیاروں کے لیے دعائیںکریںجنہوں نے اس عظیم وطن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اوراپنے ان اسلاف کو بھی جنہوں نے پاکستان کے لیے اپنا سب کچھ قربان کردیا ۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی بقا،سلامتی اور خوشحالی کا ضامن صرف اسلام ہے ،ہمیں وہ عہد و پیمان پورے کرنے کے لیے نئے عزم کے ساتھ اٹھنا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ہم نے اپنے اللہ سے باندھا تھا ۔جب تک قوم اپنے اس عہد کو پورا نہیں کرتی ملک ترقی و خوشحالی کی منزل کو حاصل کرسکتا ہے نہ قومی وقار اور ملکی خود مختاری کی بحالی اور حقیقی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ایک سال سے کرفیو اور بدترین لاک ڈائون ہے ۔کشمیر میں زندگی رک چکی ہے اور کسی وقت بھی کشمیر میں خوفناک انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ بانی پاکستان قائد اعظم ؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔پاکستان کی شہ رگ دشمن کے پنجے میں ہے ،زندہ رہنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم متحد ہوکر اپنی شہ رگ کو دشمن کے پنجہ استبداد سے آزاد کرائیں ۔اپنی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت کے لیے ہمیں تحریک پاکستان کے جذبے سے اٹھنا ہوگا۔ قوم یوم آزادی پر اس عزم اور عہد کا اعادہ کرے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔انہوں نے قوم سے خاص طور پر کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے دعائیںکرنے کی اپیل کی ۔