پشاور( خبرایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے پشاور بس ریپڈ ٹرانسپورٹ (بی آر ٹی) کا افتتاح کردیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پر میرے تحفظات غلط اور پرویز خٹک درست ثابت ہوئے ۔وزیراعظم نے کہا کہ بی آر ٹی کے باعث شہر میں ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں ہوگا، عوام کی زندگی میں بہتری اولین ترجیح ہے، ہائبرڈ بسوں سے آلودگی میں کمی ہوگی۔عمران خان نے کہا کہ بی آر ٹی کا کرایہ 10 روپے سے 50 روپے تک ہر فرد براشت کرسکتا ہے، طلبہ کے لیے بھی بی آر ٹی کے ٹکٹس رکھیں، بی آر ٹی کے روٹ کے ساتھ سارے اسپتال بھی منسلک ہیں، بی آر ٹی سے بہترین سفری سہولت ملی ہے، اس سے خوشحالی آئے گی۔وزیر اعظم کو افتتاح سے پہلے منصوبے کے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی اور وزیر اعظم نے افتتاح کرنے کے بعد بس میں سفر بھی کیا۔پہلے اسٹاپ تک 10 روپے اور پھر ہر 5 کلومیٹر کے فاصلے پر 5 روپے کرایہ ہوگا، مسافروں کو بسوں اور اسٹیشنوں میں مفت وائی فائی کی سہولت حاصل ہوگی، روزانہ 4 لاکھ سے زیادہ مسافر بی آر ٹی پر سفر سے مستفید ہوں گے۔71 ارب روپے سے زیادہ لاگت کے اس منصوبے کے تحت 220 بسیں چلائی جائیں گی جس کے ذریعے روزانہ ساڑھے 3لاکھ سے زیادہ مسافر مستفید ہوں گے۔خیبر پختونخوا کا میگا پروجیکٹ بی آر ٹی کا سنگ بنیاد اکتوبر 2017ء میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے دور حکومت میں رکھا گیا جس کی تکمیل کے لیے 6 ماہ کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی تاہم اس دوران کم وبیش 8 مرتبہ منصوبے کے افتتاح کے حوالے سے ڈیڈ لائنز دی گئیں۔منصوبے پر لاگت کا ابتدائی تخمینہ 49 ارب روپے لگایا گیا تھا تاہم منصوبے کے ڈیزائن میں نقائص کے باعث اس میں دو درجن سے زائد مرتبہ تبدیلیاں لائی گئیں جس سے اس کی لاگت 71 ارب روپے سے تجاوز کرگئی۔