ناقص تفتیش: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پولیس پر برہم

93

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی پولیس کی ناقص تفتیش پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس پی سٹی کو معاملہ آئی جی کے نوٹس میں لانے کی ہدایت کردی۔ سماعت کے دوران عدالت نے ضمانت کے کیسز میں پولیس تفتیشی افسران کی کارکردگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تفتیشی افسران کیلیے ایس او پیز بنا کر رجسٹرار ہائیکورٹ کو بھی بھجوا ئیں، چیف جسٹس نے کہا کہ یہاں پر تفتیشی افسران کو تفتیش کے طریقہ کار کا ہی نہیں معلوم، تفتیشی افسران کی ٹریننگ کا بندوبست ہونا چاہیے۔ وفاقی پولیس کے تفتیشی افسرنے کہا کہ میں موقع پر گیا تو مدعی موجود نہیں تھا اس لیے واپس آ گیا۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر تفتیشی افسر جائے وقوع پر ہی 2 دن بعد جائے گا تو شواہد کیا اکٹھے کرے گا؟ یہ واقعہ انسپکٹر جنرل پولیس کے نوٹس میں لائیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ تفتیشی افسران عدالت کے سامنے آتے ہیں تو ان کو کیس کا پتا نہیں ہوتا۔