جائو اب جان چھوڑو شہر کی، چیف جسٹس کا میئر کراچی سے مکالمہ

474

کراچی(نمائندہ جسارت) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے میئر کراچی وسیم اختر سے کہا ہے کہ جاؤ اب جان چھوڑشہر کی۔پیر کو عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں بل بورڈ گرنے سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کہاں ہے مئیر کراچی، جس پر میئر کراچی نشست سے کھڑے ہوئے تو چیف جسٹس نے انہیں کہا کہ جاؤ
بھائی اب جان چھوڑو اس شہر کی، لوگوں نے اس کو ووٹ دیا تھا کہ کراچی کے لیے کچھ کرے گا، اگر اختیارات نہیں توگھر جاؤ ، کیوں میئر بنے بیٹھے ہو۔جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ لگتا ہے لوکل باڈی اور صوبائی حکومت کی اس شہر سے دشمنی ہے، میئر کراچی بھی شہر سے دشمنی نکال رہے ہیں، کیا حال کیا ہے آپ نے میئر صاحب اس کراچی کا۔چیف جسٹس نے میئر کراچی وسیم اختر سے سوال کیا کہ آپ کب جائیں گے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میری مدت 28 اگست کو ختم ہوگی، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جاؤ، جان چھوٹے شہر کی، کراچی کو بنانے والا کوئی نہیں ہے، لوگ آتے ہیں جیب بھر کر چلے جاتے ہیں، شہر کے لیے کوئی کچھ نہیں کرتا،یہاں لوگ ایک دوسرے کو مارنے پر تلے ہوئے ہیں، لگتا ہے سب کے سب مافیا بنے ہوئے ہیں، وزیروں کو دیکھو مسکراتے ہیں اور بڑی بڑی گاڑی میں گھومتے ہیں۔