سول اسپتال سانگھڑ میں دل کا وارڈ قائم نہ ہوسکا ، مریض پریشان

222

 

سانگھڑ (رپورٹ: محمد سلیم ملک) سول اسپتال میں این آئی سی وی ڈی یونٹ کے قیام کے وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات کو سیکرٹری صحت سندھ نے ہوا میں اڑا دیا۔ 7 نومبر 2018ء کو ترجیحی بنیاد پر وزیر اعلیٰ سندھ نے احکامات دیے تھے جس پر تاحال عمل درآمد نہ ہوسکا۔ سندھ سرکار ضلع سانگھڑ کے عوام کو این آئی سی وی ڈی یونٹ دینے میں تاحال ناکام۔ سانگھڑ سول اسپتال میں عرصہ دراز سے دل کا وارڈ بند ہونے سے امراض قلب کے مریضوں کو دوسرے اضلاع منتقل کرتے کرتے بیشتر مریض راستے میں دم توڑ دیتے ہیں، اسپتال کا عملہ ماہر امراض قلب کے نہ ہونے کی وجہ سے مریض کو نوابشاہ یا حیدر آباد ریفر کردیتا ہے، جس سے مریض راستے میں دم توڑ جاتا ہے۔ سانگھڑ سول اسپتال کے لیے سابق ایم پی اے رانا عبدالستار کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کو درخواست کی گئی تھی کہ سانگھڑ سول اسپتال میں کارڈیک کیئر یونٹ 2004ء سے بند ہونے کی بنا پر سانگھڑ کے عوام اس سہولت کی عدم دستیابی کے باعث دوسرے اضلاع نوابشاہ، حیدرآباد مریضوں کو ریفر کیا جاتا ہے، جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے 7 نومبر 2018ء کو سیکرٹری صحت کو تر جیحی بنیادوں پر احکامات جاری کیے تھے کہ سانگھڑ سول اسپتال میں کارڈیو ویسکیولر یونٹ امراض قلب یونٹ کا قیام عمل میں لایا جائے لیکن دو سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود محکمہ صحت کی جانب سے یونٹ کے قیام کے لیے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، جس سے سانگھڑ کے عوام میں مایوسی پھیلتی نظر آرہی ہے۔ اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب ایڈووکیٹ محمد قذافی کا کہنا تھا کہ دو سال سے وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات کو سیکرٹری صحت نے ہوا میں اڑایا ہوا ہے اگر وزیر اعلیٰ کے احکامات کو اس طرح نظر انداز کیا جائے گا تو عوام کس سے امیدیں وابستہ کریں گے۔ رانا عبدالستار نے سانگھڑ کے عوام میں ایک امید کی کرن پیدا کی تھی کہ سانگھڑ کے مریضوں کو اب دوسرے شہروں میں منتقل کرتے ہوئے جو اموات رونما ہوتی ہیں، ان کا تدارک ہوسکے گا لیکن اس وقت سندھ حکومت کے صوبائی محکمے اپنے ہی وزیر اعلیٰ کے احکامات کو ماننے کو تیار نہیں، عوام اب اپنی صحت جیسی بنیادی ضرورت جو کہ ان کا بنیادی حق بھی ہے اس سے محروم ہوتے نظر آرہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل ہے کہ سانگھڑ 22 لاکھ کی آبادی والا ضلع ہے جو کہ 6 تعلقوں پر مشتمل، قدرتی وسائل سے مالا مال اور پاکستانی معیشت میں بھی اپنا بھرپور کردار نبھانے والا ضلع ہے، اس کو اس کا حق دیا جائے، عوام میں پھیلتی مایوسی کو ختم کیا جائے اور آئے روز راستے میں دم توڑتے مریضوں کی جان بچانے میں سانگھڑ والوں کی مدد کی جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ اپنے دیے گئے احکامات پر عملدرآمد کروائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔